قومی یکجہتی کی فضا کو قائم کرنا تمام مکاتیب فکر کی ذمے داری ہے

336

لاہور (نمائندہ جسارت) قومی یکجہتی ،اتحاد واتفاق اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا تمام مکاتب فکر کی ذمے داری ہے۔امن واک کے انعقاد کا مقصد مذہبی رواداری اور امن و امان کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ محرم الحرام کو پر امن بنانے کیلیے تمام مکاتب فکر مشترکہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں ۔ تمام مکاتب فکر قومی مفاد کی خاطر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ملک میں کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔ پاکستان میں امن وامان کے قیام ،قومی یکجہتی کے فروغ کیلیے تما م طبقات متحد ہیں ۔ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ وطن عزیز کو امن کا گہوارا بنانے کیلیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے۔ پاکستان علماء کونسل لاہور کے زیر اہتمام قومی یکجہتی ،اتحاد واتفاق اور امن وامان کے قیام کیلیے امن واک کی گئی۔ جس کی قیادت مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،کوآرڈینیٹر مذہبی امور ڈاکٹر عبد الغفور راشد،وائس چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ شعیب الرحمن قاسمی،علامہ بشیر نظامی،علامہ یونس حسن،مولانا مشتاق لاہوری،حافظ مقبول احمد ،علامہ حسین اعوان،مفتی عبد الرحمن ، مولانا عثمان فاروقی، مولانا رسال الدین آزاد،حافظ سعید احمد میو،پیر حافظ محمد اسماعیل،مولانا شفیق الرحمن نقشبندی، مولانا عمادالدین ، مولانا ضیاء الرحمن فاروقی،مولانا انتظار عثمانی اورحافظ طلحہ فاروقی ودیگر نے کی۔



امن واک کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ محرم میں امن قائم کرنے کیلیے تمام مکاتب فکر کا حکومت ،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور افواج پاکستان کے ساتھ تعاون مثالی ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ملک کے جید علماء کرام وطن عزیز میں امن و سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلیے اپنا فعال کردار اداکرتے رہیں گے۔ محرم الحرام امن وآشتی کا درس دیتا ہے۔سیدنا حسینؓ نے انسانیت اور اسلام کی بقاء کیلیے قربانی دی ۔ محرم کے ایام میں ان کی شان اور مناقب بیان کیے جائیں اور ایک دوسرے کے عقیدے اور اکابر کا احترام کیا جائے ۔ فرقہ وارانہ گفتگو سے پرہیز کیا جائے چونکہ مذہب کی بنیاد پر تقسیم کا وطن عزیز متحمل نہیں ہوسکتا۔ جو افراد ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، حکومت ایسے افراد کیخلاف کارروائی کرے۔انہوں نے علماء ،خطباء ،واعظین سے اپیل کی کہ وہ 29ستمبر کو جمعہ کے خطبات میں بین المسالک ہم آہنگی کے موضوع پر جمعہ کے خطبات دیں جس میں اصحاب رسول ؐ و اہلبیتؓ کی عظمت و شان کو بیان کیا جائے۔