واقعہ کربلا ظلم سے ٹکرانے کا درس دیتا ہے، یوسف گل

430

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر یوسف گل پراچہ نے کہا ہے حکمرانوں نے ملک پر ظالمانہ نظام مسلط کررکھا ہے، حضرت حسینؓ کا مشن تھاکہ ایک فرد اور خاندان کے بجائے قانون کی حکمرانی اور حقوق میں سب برابر ہوں، جمہور کی حکمرانی اور شورائی نظام ہو، خزانے کو اللہ تعالیٰ اور قوم کی امانت سمجھا جائے، واقعہ کربلا ایک درسگاہ ہے جو ظلم سے ٹکرانے کا درس دیتی ہے۔ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، ہمیں بحیثیت مسلمان اپنے ماضی کی اعلیٰ روایات پر عمل کرنا چاہیے، واقعہ کربلا سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ حضرت حسینؓ کا باطل کے خلاف جہاد اور اپنے اہل خانہ سمیت قربانیاں کفر کی حکمرانی تسلیم کرنے سے بہتر اور افضل راستہ ہے۔



شہدائے کربلا نے مظلوم انسانیت کو ظالمانہ نظام کے خاتمے اور ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ اور حق نوائی کا بے مثال درس دیا۔ واقعہ کربلا کی یاد منانے اور حق و سچ کی سربلندی کی خاطر حضرت حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد قائم رکھیں۔