حکمران آئین و قانون کو کوئی اہمیت دینے کو تیار نہیں، ریاض احمد

230

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 65 کے امیر ریاض احمد سعدی نے کہا ہے کہ ڈکٹیٹر ہو یا سول حکمران، ہر کوئی اداروں اور عدالتوں کو اپنے تابع بنانا چاہتا ہے۔ جمہوریت کا مطلب افراد کی بادشاہت نہیں، قانون کی حکمرانی ہوتی ہے مگر ہمارے حکمران آئین و قانون کو کوئی اہمیت دینے کو تیار نہیں۔ حکمران ذاتی مفادات کے لیے قانون کو موم کی ناک بنالیتے ہیں۔



فرد جرم عائد ہونے کے بعد اسحق ڈارسے کوئی مطالبہ نہ بھی کرتا، انہیں وزارت خزانہ سے مستعفی ہوجانا چاہیے تھا۔ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک ضرور رنگ لائے گی اور سب لٹیروں کو احتساب کے کٹہرے میں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا احتساب عدالت میں پیش ہونا خوش آئند ہے مگر اس پیشی سے قوم پر احسان کا تاثر دینا درست نہیں۔ عدالتوں نے انہیں طلب کیا تھا اور ان پر آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کا کیس ہے۔ انہوں نے کہاکہ 70 سال میں حکمرانوں نے ملک میں آئین و قانون کو تماشا بنائے رکھا اور سول و فوجی حکمرانوں نے ہمیشہ خود کو ہر قانون سے بالاتر سمجھتے ہوئے عدالتوں کے احکامات کو در خور اعتنا نہ سمجھا اورعدلیہ کی بے توقیری کی۔ عدالتوں کو نیچا دکھانے کا وقت گزر چکا، اب مجرموں کو نہ صرف عدالتوں میں پیش ہونا ہوگا بلکہ اپنی لوٹ کھسوٹ کی دولت کا بھی حساب دینا ہوگا۔