سی ڈی اے کی لائبریری ن لیگ کی قیادت کے نام کرنے کا انکشاف 

206

اسلام آباد ( میاں منیر احمد) بدلتا ہے رنگ آسمان کیسے کیسے، کے مصداق سی ڈی اے کے چیئرمین اور اسلام آباد بلدیہ کارپوریشن کے میئر انصر عزیز نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد ادارے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے سی ڈی اے کی لائبریری مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حکومت کے سب سے بڑے ناقد کالم نگار کے نام کردی ہے اور محمد اظہار الحق کے نام سے لائبریری میں گوشہ اظہار بنایا گیا ہے جس کا افتتاح بھی کردیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کی لائبریری میں پہلی بار ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی کالم نگار کے نام گوشہ بنایا گیا ہے اور اس کی ابتدا بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حکومت کے خلاف لکھنے والے اور سخت ناقد کے نام گوشہ بنا کر کی گئی ہے۔ اسلام آباد کے میئر انصر عزیز کو سی ڈی اے کے چیئرمین کا منصب سنبھالے کئی ماہ ہوچکے ہیں لیکن اس دوران ایسی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی لیکن پاناما کیس کا عدالت عظمیٰ میں فیصلہ سنائے جانے کے بعد سی ڈی اے میں لائبریری میں گوشہ اظہار بنایا گیا ہے



اور یہ گوشہ ایک ایسے ادیب کالم نگار کے نام کیا گیا ہے جو مسلم لیگ(ن) کے ناقد سمجھے جاتے ہیں ایک طرف یہ فیصلہ ہے دوسری جانب میئر اسلام آباد انصر عزیز مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو اپنے اعتماد کا یقین دلانے کے لیے جناح کنونشن میں بھی موجود تھے جہاں نواز شریف کو مسلم لیگ کا دوبارہ صدر بنائے جانے کے حوالے سے ایک بڑی تقریب ہوئی یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ میئر اسلام آباد انصر عزیز نواز شریف کی عدالتوں میں پیشی کے وقت بھی حاضری کے اعتبار سے بہت متحرک رہے ہیں لیکن سی ڈی اے کی لائبریری کو مسلم لیگ (ن) کے ناقد کے نام کرنے کا فیصلہ بھی مسلم لیگ(ن) سے ان کی تیزی سے آزاد ہوتی ہوئی سوچ کی عکاسی کر رہا ہے۔