تحریک انصاف نے باری باری کی سیاست کا خاتمہ کردیا، جہانگیر ترین

194

صادق آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے ہاتھ ملک کی لوٹی ہوئی کرپشن سے رنگے ہوئے ہیں،30 سالوں میں ان لوگوں نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ کھایا، باری باری کی سیاست کا خاتمہ پی ٹی آئی نے کر دیا ہے، نواز شریف کو نااہل کروانا اور ان کی کرپشن کے ثبوت فراہم کرنا پی ٹی آئی کا عظیم کارنامہ ہے۔ وہ جمعرات کو صادق آباد میں سجاد احمد وڑائچ سمیت سیکڑوں افراد کے پیپلز پارٹی چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں
شمولیت کرنے کے موقع پر سجاد وڑائچ کی طرف سے منعقدہ جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ جہانگیر ترین نے کہا اب وقت آچکا ہے کہ عوام کو گھروں سے نکلنا ہوگا آپ کے ووٹوں کی پرچی ملک کی تقدیر بدل دے گی۔ صادق آباد سے کرپٹ مافیا کے خاتمے کیلیے آپ پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر چودھری سجاد وڑائچ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے عوام کی پوری خدمت کریں گے اور چٹی دلالی اور قبضہ گیری کی سیاست کرنے والوں کا بستر اگلے الیکشن میں باندھ دیں گے۔اس موقع پر مقامی قیادت کے علاوہ ہزاروں لوگو ں نے جلسے میں شرکت کی۔