آسیہ اندرابی سری نگر جیل منتقل‘ حریت قیادت کا 14اکتوبر کو جلسے کا اعلان

323

سری نگر (خبر ایجنسیاں)دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھ فہمیدہ صوفی کو سری نگر جیل منتقل کردیا گیا جبکہ حریت قیادت نے بھارتی سازشوں کے خلاف 14اکتوبر کو سری نگر میں بڑا جلسہ کرنے کااعلان کردیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ قیادت نے کشمیر کی تاریخ، تہذیب اور ثقافت کو تبدیل کیے جانے ، مسلم اکثریتی کردار کو ختم کرنے اور اپنے فوجی قبضے کو دوام بخشنے کے لیے نت نئے بھارتی ہتھکنڈوں کے خلاف 14 اکتوبر کو سرینگر میں بڑے جلسے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔جاری کردہ بیان کے مطابق کشمیری قو م اپنی مزاحمتی تاریخ کے ایک نازک ترین موڑ پر کھڑی ہے۔بھارت کی فاشسٹ نظریہ کی حامل تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے رہنما موہن بھگوت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے نرمل سنگھ کی جانب سے جموں کشمیر کا بھارتی یونین کے ساتھ مکمل انضمام کے حوالے سے حالیہ شرمناک اور اشتعال انگیز بیانات کے خلاف منظم ہوکر صدائے احتجاج بلند کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔



بھارتی حکومت نے کشمیری مزاحمتی سیاسی قیادت، تاجر برادری، وکلا، دانشور وںیہاں تک کہ طلبہ کی کردار کُشی کی مہم کو تیز کرنے کے لیے اپنی تحقیقاتی ایجنسی ’ این آئی اے ‘ کو کام پر لگا دیا ہے جبکہ دفعہ 370کو سپریم کورٹ کے ذریعے کالعدم قرار دئے جانے کی کوششیں ہو رہی ہیں ۔ مزاحمتی قیادت نے مقبوضہ علاقے کے تمام خطوں کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے خلاف بھارت اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی مذموم سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لیے 14اکتوبر کو پولو گراؤنڈ کا رخ کریں ۔دوسری جانب مقبوضہ وادی میں خواتین کو زدوکوب کرنے کے اوچھے ہتھکنڈوں کے سلسلے میں اضافہ ہوگیا ہے سرینگر اور بڈگام اضلاع میں خواتین کی چُٹیا کاٹنے کے واقعات کے بعد جمعرات کو ضلع بارہمولہ میں چُٹیا کاٹنے کا پہلاواقعہ رونما ہوا۔ جہاں نامعلوم افرادنے گھر میں داخل ہو کر خاتون کے سر کے بال کاٹ کر فرار ہوگئے ۔ واقعے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجرموں کو پکڑ لیا تھا تاہم بھارتی پولیس انہیں ان سے چھڑا کر لے گئی۔