اسلام آباد(آئی این پی) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف زرداری نے کہا ہے کہ میں بار بار نواز شریف سے دھوکا نہیں کھا سکتا، ہم وفاق کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ سندھ کے ساتھ وفاق کی زیادتیوں پر گلا پھاڑ کر اس لیے بات نہیں کرتے کہ کہیں ہم پر صوبائی تعصب پھیلانے کا الزام
نہ لگ جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک سینئر صحافی اور اینکر پرسن سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جب ان کی توجہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے ن لیگ کے اجلاس سے خطاب جس میں ان کو ( آصف زرداری) کو صدارت کی مدت پوری ہونے پر الوداعی ظہرانہ دینے کے تذکرے اور نیشنل ڈائیلاگ شروع کرنے کی طرف دلائی گئی توسابق صدر نے کہا کہ بار بار نوازشریف سے دھوکا نہیں کھا سکتا ،
پیپلزپارٹی کے ساتھ 4 سال میں بہت زیادتیاں کی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہاتھ ملا کر اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط کی اور پھر خاموشی سے کسی اور سے ڈیل کی ۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ احتساب عدالت میں نوازشریف کی پیشی کے موقع پر رینجرز کی تعیناتی پر اعتراض کر رہی ہے ، جب ہم یہ کہتے تھے کہ سندھ میں رینجرز ہمارے ساتھ زیادتی کر رہی ہے تو اس وقت کے وزیرداخلہ سینے پر ہاتھ مار کر یہ کہتے تھے کہ میں رینجرز کے پیچھے کھڑا ہوں ۔ جب وزیراعلیٰ سندھ ان سے سندھ کو کم فنڈز ملنے کی شکایت کرتے ہیں تو وہ ان کی بات نہیں سنتے ، ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا نوازشریف کی مرضی سے ہوا اس لیے اگر نوازشریف نے ڈائیلاگ کرنے ہیں تو سابق وزیرداخلہ کے ساتھ کر لیں ہمارے ساتھ نہیں ۔