پمپنگ اسٹیشنوں کو ضرورت کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا، تمیز الدین

234

44شکارپور (نمائندہ جسارت) شکارپور ڈرینج کے میگا پراجیکٹ کا معائنہ کرنے کے لیے سیکرٹری پبلک ہیلتھ سندھ تمیز الدین کھیڑو شکارپور پہنچے، ایم پی اے امتیا زاحمد شیخ کے ہمراہ 505 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ڈرینج کے میگا پراجیکٹ اسکیم کا معائنہ کیا اور پمپنگ اسٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ شکارپور کے شہریوں نے کافی مشکلات دیکھی ہیں۔ حکومت سندھ نے ایم پی اے امتیاز احمد شیخ کی کوشش سے یہ اسکیم دی ہے اور چند کالونیاں جو اس اسکیم سے کنیکٹ ہونے سے رہ گئی ہیں ان کے لیے پبلک ہیلتھ انجینئر کو ہدایت دے دی گئی ہے کہ جلد از جلد سروے مکمل کرکے پی سی ون تیار کرکے تخمینہ لگایا جائے تاکہ وہ بھی ڈرینج کے مگا پراجیکٹ میں شامل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو ان کی ضرورت کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا اور نئے موٹر لگائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت ہے کہ ہر صورت میں تمام ترقیاتی اسکیمیں 31 دسمبر تک مکمل ہونے چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امتیاز احمد شیخ کے شکارپور ہاؤس پر صحافیوں سے کیا۔ اس موقع پر امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں، پی پی کے چیئرمین بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کا جنہوں نے شکارپور کے عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسکیمیں دی ہیں۔ حقیقت میں سینیٹیشن کا کام میونسپل کا ہے مگر وہ اپنی ذمے داریاں نبھانے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ آئے روز سڑکوں پر گندا پانی کھڑا رہتا ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میونسپل میں 20 کروڑ سے زائد کرپشن کے الزامات میونسپل پر ہیں، جس کی صفائی میونسپل چیئرمین پیش نہیں کرسکا ہے۔