لاہور (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ شہرمیں پانی کی شدید قلت کے باوجود سطح زمین پر موجود پانی کو صاف کر کے قابل استعمال بنانے کا منصوبہ مسلسل التوا کا شکار ہے پنجاب حکومت معاملہ سے آگاہ ہونے کے باوجود اسے مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔ متعلقہ حکام شہریوں کو پانی مہیا کرنے کے بجائے خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ منتخب بلدیاتی نمائندے بھی انکے مسائل حل کرانے میں بے بس دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے سڑکوں اور پلوں پر توجہ دے رہی ہے تعلیم اور صحت کے لیے مختص فنڈز جنگلا بسوں اور ٹرینوں پر لگائے جا رہے ہیں۔ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے دعوے صرف اشتہاروں کی حد تک نظر آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے کو وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کا دعویٰ بھی ریت کی دیوار ثابت ہوا ہے اورنج ٹرین منصوبے کے روٹ کے ارد گرد رہنے والے شہری پچھلے ڈیڑھ سال سے اذیت کی زندگی گزار رہے ہیں آلودگی کی وجہ سے آدھی سے زیادہ آبادی بیمار ہو گئی ہے جس پر وہ سراپا احتجاج ہیں۔
لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔