گوادر، محکمہ خزانہ میں اسامیوں پر بیرون اضلاع تقرریاں دشمنی ہے

205

گوادر (نمائندہ جسارت) محکمہ خزانہ گوادر کی اسامیوں پر بیرون اضلاع تقرریاں گوادر دشمنی کے مترادف ہیں۔ مقامی نوجوانوں کے ساتھ جاری سوتیلی ماں جیسا سلوک ناقابل برداشت ہے۔ ان خیالات کا اظہار گوادر یوتھ فورم کے صدر برکت اللہ بلوچ کی قیادت میں وفد نے محکمہ خزانہ گوادر کے آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے محکمہ خزانہ گوادر میں جنریٹر آپریٹر کی اسامیوں پر بیرون اضلاع تقرریوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ظلم اور ناانصافی کی انتہا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کے نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں اور گوادر کی اسامیاں غیروں میں بانٹی جارہی ہیں، درجہ چہارم کی اسامیوں پربھی قبضہ کرکے مقامی نوجوانوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جنریٹر آپریٹر کی اسامیوں پر بیرون اضلاع تقرریاں گوادر کے نوجوانوں کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ سفارش اور سیاسی اثرورسوخ کی بنیاد پر مقامی نوجوانوں کے حق ملازمت پر ڈاکا ڈالنے کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ عمل نوجوانوں کو مایوس اور مشتعل کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ خزانہ گوادر میں بیرون اضلاع تقرریاں فوری طور پر منسوخ کرکے مقامی نوجوانوں کی تقرریاں عمل میں لائی جائیں بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔