لاہور(اے پی پی ) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے حکومت ، بالخصوص وزارت تجارت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 250 آئٹمز پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے معاملے پر کاروباری برادری سے فوری مشاورت کریں تاکہ کاروبار دوست فیصلہ یقینی بنایا جاسکے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ لاہور چیمبر تجارتی خسارے پر قابو پانے کے لیے غیرضروری اور اشیائے تعیش کی درآمد کی حوصلہ شکنی کرنے کے حق میں ہے مگر ضروری ہے کہ ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کرنے سے قبل کاروباری برادری کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ ضروری خام مال اور مشینری وغیرہ کی درآمد متاثر نہ ہونے پائے،
اگر یکطرفہ فیصلہ کردیا گیا تو اس سے مطلوبہ نتائج برآمد ہونا بالکل ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے پر قابو پانے کے لیے یقیناًغیرضروری اور اشیائے تعیش کی درآمد کی روک تھام کرنا ہوگی مگر ا س کے ساتھ ملکی برآمدات کو فروغ دینا بھی بہت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدی شعبے کو سہولیات دے، مسابقت کی صلاحیت بڑھانے میں اس کی مدد کرے اور پیداواری لاگت میں کمی لائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف خطوں میں پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کی جائیں اور ان منڈیوں تک رسائی میں برآمدی شعبے کی مدد کی جائے۔