قانون ناموس رسالتؐ ہرامتی کوپہرہ دیناہوگا،راغب حسین نعیمی

162

لاہور (آن لائن) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ نبی کریم ﷺکی ناموس اورعقیدہ ختم نبوت پر ہرامتی کوپہرہ دیناہوگا۔نئے انتخابی اصلاحاتی بل میں حلف کو اقرار میں تبدیل کرنیوالوں کو بے نقاب کیا جائے۔ عقیدہ ختم نبوت اور آئین پاکستان کی اسلامی شقوں کا تحفظ ہمار ا ایمانی اورقومی فریضہ ہے۔عقیدہ ختم نبوت سے متعلق شقوں اورحلف نامے کے الفاظ کو اقرار نامے میں تبدیل کرنے کی سنگین غلطی کی فوری طور پر غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کروا کر اس غلطی کے مر تکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کر کے عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص ایسی سنگین غلطی کا مرتکب نہ ہو سکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علاوہ ازیں انہوں نے سانحہ جھل مگسی پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مزارت پرخودکش حملے قابل مذمت اورافسوسناک ہیں۔ درگاہ فتح پور حملے میں ملوث منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو سخت سزا دلوائی جائے۔معصوم انسانوں پر حملہ کرنے والے وحشی درندے ناقابل معافی ہیں، دہشت گرد عدم تشدد اور اخوت کے علمبردار صوفیا کی درگاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ملک سے دہشت گردوں کی نرسریوں کو کچلنا ہو گا ۔



سیکرٹری یوتھ افیئر سمیت
متعدد افسران کے تقرروتبادلے
لاہور (آن لائن) حکومت پنجاب نے سیکرٹری یوتھ افیئر سمیت متعدد افسران کے تقرر و تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاسیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس نیئر اقبال کو فوری طور پر او ایس ڈی بنا دیا گیا اور ان کی جگہ پر ڈی سی گوجرانوالہ محمد عامر جان کو تبدیل کر کے ڈی جی سپورٹس بورڈتعینات کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں سیکرٹری یوتھ افیئرز کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
ڈی جی سپورٹس ذوالفقار احمد گھمن کو تبدیل کر کے رجسٹرار کوآپریٹو تعینات کیا گیا ہے رجسٹرار کوآپریٹو محمود الاحسن مرزا کو تبدیل کر کے ممبر بورڈ آف ریونیو تعینات کیا گیا ہے۔