قانون اندھا ، نیب نابینا ، نظام لنگڑا

585

zc_Muzaferہم نے ہمیشہ سنا ہے بلکہ پڑھا ہے کہ قانون اندھا ہوتا ہے لیکن گزشتہ دنوں عدالت عظمیٰ کے جج جناب جسٹس دوست محمد نے ایک مقدمے کے دوران ریماکس دیے ہیں کہ نیب نابینا ہے ۔ ملک میں کوئی نظام موجود نہیں نظام ناکام ہو چکا ہے اب کالعدم تنظیمیں بھی الیکشن لڑ رہی ہیں ۔ جسٹس دوست محمد نے یہ عزم دہرایا کہ بھارت میں گرو عدالت میں روتا رہا لیکن اسے سزا سنا دی گئی ہم بھی وہی کریں گے جو قانون کہتا ہے۔ یہ بیان پڑھ کر بڑا مزا آیا سننے اور پڑھنے والے کو ایسی باتیں جب ذمے دار ترین افراد کی جانب سے کی جائیں اور حقائق کچھ اور ہوں تو ان اداروں کی بے توقیری ہوتی ہے ۔ عدالت کا یہ کہنا کہ نظام ناکارہ ہو گیا ہے ، تو سمجھ میں آتا ہے لیکن یہ بات کہ کالعدم تنظیمیں الیکشن لڑ رہی ہیں کس طرح درست تسلیم کر لی جائے ۔ جبکہ بہت واضح طور پر کہا گیا کہ لاہور میں کالعدم تنظیموں نے الیکشن لڑا۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے لاہور میں الیکشن لڑنے والی کالعدم تنظیموں کا نام بھی بتا دیا جاتا تو بہتر تھا ۔ اگر ملی مسلم لیگ کا ذکر ہے جس نے جماعت الدعوۃ کے بطن سے جنم لیا ہے یا لبیک پارٹی کا تو ان کے بارے میں پاکستانی قوم کو بھی معلوم ہونا چاہیے کہ انہیں کب کالعدم قرر دیا گیا ۔ پاکستان میں تو مسئلہ یہ ہے کہ عدالت عظمیٰ اور سندھ ہائیکورٹ ڈاکٹر فاروق ستار کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہیں اور پولیس بتاتی ہے کہ وہ نہیں مل رہے ۔ جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار روزانہ پریس کانفرنس اور ٹی وی ٹاک شوز میں نظر آتے رہے ۔ عدالت کا مذاق اُڑتا رہا وہ ایک دفعہ بھی گرفتار نہیں ہوئے ۔ جنرل پرویز مشرف عدالت کے مبہم حکم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک سے فرار ہو گئے جبکہ ان کے خلاف نا قابل ضمانت وارنٹ موجود تھے ۔ یہ وارنٹ کسی عدالت نے ہی دیے ہوں گے ۔ ایسے آدمی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا مطلب یہی تھا کہ موقع سے فائدہ اٹھا لو ۔۔۔ کیا وزارت داخلہ عدالتوں اور ایجنسیوں کو علم نہیں تھا کہ جنرل پرویزمشرف کے خلاف نا قابل ضمانت وارنٹ موجود ہیں۔ اگر ایسا تھا تو ایسا ہونا نہیں چاہیے تھا ۔
پاکستانی نظام کی ناکامی کی باتوں کامطلب یہ ہے کہ کوئی ایسی قوت حرکت میں آئے جس کے بارے میں یہ تاثر قائم ہے کہ وہ کبھی ناکام نہیں ہوتی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنے ریکارڈ میں بڑی بڑی ناکامیاں رکھنے کے باوجود اسے ناکام کہنے کی کوئی ہمت نہیں کر سکتا ۔ اب خود پارلیمنٹ کے اہم اداروں سینیٹ کے چیئر مین میاں رضا ربانی کے منہ سے بار بار یہ الفاظ کون نکلوا رہا ہے کہ پارلیمنٹ ناکام ہے ۔ پارلیمنٹ کمزور ہے ۔ گویا یہ بھی جسٹس دوست محمد کے ریمارکس کی تائید ہے کہ نظام ناکام ہو چکا ہے ۔ کالعدم تنظیمیں بھی الیکشن لڑ رہی ہیں ۔ حالانکہ رضا ربانی کی پارٹی جب ملک میں حکمران تھی اس وقت بھی طلبہ یونینوں کو عدم سے وجود میں نہیں لا سکی اور اب کم از کم سندھ میں طلبہ یونین الیکشن کروا دیں تاکہ کالعدم تنظیمں کالعدم رہیں اور اصل نمائندے سامنے آئیں ۔ جسٹس دوست محمد کے ریمارکس کے کچھ دنوں بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دے دیے کہ جھوٹی گواہی کے باعث ملزمان کا بری ہونا اللہ کا عذاب ہے ۔ اب سوال یہ ہے کہ یہ بات معلوم ہونے کے باوجود جھوٹے گواہ عدالتوں میں گواہیاں دیتے آ رہے ہیں ۔ اور یہ کہ گواہوں کا جھوٹ کون پکڑے گا ۔ یہ کام تو عدالتوں ہی کو کرنا ہو گا ۔ استغاثہ اور صفائی کے وکلا تو اپنے گواہوں کو سچا اور دوسرے کے گواہ کو جھوٹا ہی قرار دے رہے ہوں گے ۔ جب یہ معلوم ہو گیا کہ گواہ جھوٹی گواہیاں دے رہے ہیں تو پھر ان کی گواہیاں کیوں قبول نہیں کی جائیں ۔ اسی لیے بار بار کہا جاتا ہے کہ عدالتیں انگریز کے قانون کے بجائے قرآن پاک تھام لیں ۔ جب جج قاضی بنیں گے تو وہ گواہوں کے جھوٹ بھی پکڑیں گے اور ایک مرتبہ ایک گواہ جھوٹی گواہی پر پکڑا جائے تواسے عمر بھر گواہی سے روک دیا جائے ۔ اسی طرح نادرا جیسے ادارے اور نظام کی موجودگی میں ایسے گواہ کو تو پورے ملک بلکہ دنیا بھر میں پکڑا جاسکتا ہے ۔ جوں ہی شناختی کارڈ نمبر کمپیوٹر میں ڈالا جائے گا اس کا سارا کچا چٹھا سامنے آ جائے گا ۔ لیکن یہ کام صرف کمپیوٹر یا وکیل پر نہیں چھوڑا جا سکتا ۔ ججوں کوبھی سچے اور جھوٹے میں فرق کرنے کا فن آنا چاہیے ۔ یہ کمی تو وہیں ہے عدالتیں اسی لیے تو سست روی کے لیے مشہور ہیں ۔ یعنی قانون اندھا ، نیب نابینا اور ملکی نظام لنگڑا ہو چکا ہے ۔ وزیر داخلہ کو پتا ہی نہیں کہ اسلام آباد احتساب عدالت میں رینجرز کو کس نے بلایا ور رینجرز اتنے فرض شناس کہ اپنے باس وزیر داخلہ ہی کو اندر نہیں جانے دیا ۔ اس پر تو وزیر داخلہ کو چاہیے کہ اس رینجرز اہلکار کو انعام دیں لیکن وہ تو استعفا دینے کی باتیں کر رہے ہیں ۔ کیا بے بسی سی بے بسی سی ہے!
ایک مذاق الگ چل رہا ہے یہ چند روز بعد الطاف گروپ کے خلاف ایک اور مقدمہ ، مزید اسلحہ برآمد کچھ ٹارگٹ کلرز پکڑے جاتے ہیں اور اسلحہ تو بار بار پکڑا جا چکا ۔۔۔ اب الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھی درج ہوا ہے جس میں ڈپٹی میئر کراچی بھی نامزد ہیں۔ لیکن ہوا کریں ۔ فاروق ستار یا بابر غوری ، مصطفیٰ کمال ، میئر کراچی وسیم اختر ، سلیم شہزاد سب ہی تو کسی نہ کسی مقدمے میں نامزد ہیں ان کے خلاف تو کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ بس مقدمہ درج کر کے اسے چلانے اور اس کے ذریعے اخبارات اور میڈیا کو مزید کھلونے دے دیے جاتے ہیں ۔ اتنے سارے مقدمات پہلے بن چکے ہیں ان پر کیا کارروائی ہوئی ۔ جہاں تک عدلیہ ،پارلیمان اور سیاستدانوں کے نمائندوں کے بیانات اور انکشافات کا تعلق ہے تو اس سے یہ نتیجہ ہی اخذ کیا جا سکتا ہے کہ اس ملک میں اندھیر نگری ہے ۔ اور جہاں اندھیر نگری ہوتی ہے وہاں راج بھی چوپٹ ہوتا ہے ۔ اس کے لیے کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ۔ سڑکوں پر بازاروں میں ، پولیس تھانوں میں ۔ سرکاری دفتروں میں ہر جگہ راج چوپٹ ہی ہے ۔ جب سب نا بینا اندھے لنگڑے اور ناکارہ ہوں گے تو چوپٹ راج ہی ہو گا ۔