نوازشریف مارشل لا لگوانے کی پوری کوشش کررہے ہیں‘ عمران خان

351
پشاور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پریس کانفرنس کررہے ہیں
پشاور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پریس کانفرنس کررہے ہیں

پشاور(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف مارشل لا لگوانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق نااہل وزیراعظم فوج اور عدلیہ پر حملے کے لیے (ن) لیگ کو استعمال کررہے ہیں، منی لانڈرنگ کا جرم ثابت ہونے پر بیرون ملک ان کی اربوں روپے کی جائداد اور اثاثے منجمد ہوجائیں گے جنہیں وطن واپس لایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت وفاقی حکومت مفلوج ہے اور ایک نااہل شخص کو بچانے اوراس کے پروٹوکول میں لگی ہے، ایسا قانون منظور کیا گیا جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا کہ چور ہو یا ڈاکو کوئی بھی شخص پارٹی کا سربراہ بن سکتا ہے،(ن) لیگ عدالت عظمیٰپر کھلا حملہ کررہی ہے جبکہ عدلیہ پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے۔

عمران خان کے بقول مجھے خطرہ ہے کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا موقع ضائع کیا جارہا ہے، وفاق اس سلسلے میں اقدامات نہیں کررہا جب کہ کے پی کے حکومت نے اس کی انتظامی تیاری کرلی ہے،فاٹا کے انضمام کا سلسلہ ابھی سے شروع کیا جائے جو 2018 ء تک مکمل ہوجائے تاکہ قبائلی نمائندے صوبائی اسمبلی میں پہنچیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خورشید شاہ پر کرپشن کے مقدمات ہیں ‘ وہ کیسے چیئرمین نیب کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔