تعلیمی ادارے معاشی ،سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں‘صدر مملکت

884

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ جامعات اور دیگر تعلیمی ادارے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تعلیمی اداروں پر انسانی وسائل کی ترقی کے سلسلے میں اضافی ذمہ داری عائد ہوتی ہے جو ملک کے سماجی اقتصادی ترقی کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر حسن محمد خان اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے اعلیٰ تعلیمی نظام میں پچھلے چند سالوں میں بہتری آئی ہے اور رفاہ یونیورسٹی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنا تعلیمی نظام بین الاقوامی معیار کے مطابق بنا سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔



صدر مملکت نے مزید کہا کہ خواتیں ہماری آبادی کے نصف حصے پر مشتمل ہیں اس لیے ضروری ہے کہ ہم ان کی ثانوی اور اعلیٰ تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔ انہوں نے رفاہ یونیورسٹی میں ویمن انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ہیومنٹیزکے شعبے کے آغازکو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم و ترقی کے لیے اس طرح کے کیمپیس کی تعمیر سے بہتر تعلیم میں مدد ملے گی اور ان کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ اس موقع پر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر حسن محمد خان نے صدر مملکت کو یونیورسٹی کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے چانسلرحسن محمد خان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چانسلر نے صدر مملکت کو یونیورسٹی کی جانب سے تعمیر کئے گئے چیریٹی ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کی بھی دعوت دی۔