الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا

276

اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن نے جماعت الدعوۃ کی سیاسی پارٹی ملی مسلم لیگ کوبھی کالعدم تنظیم قراردیتے ہوئے ملی مسلم لیگ کے بینرزلگانے والے آزادامیدوارکونوٹس جاری کردیا۔ پشاورکے حلقے این اے 4سے آزادامیدوارکی حیثیت سے الیکشن لڑنے والے حاجی لیاقت علی خان کو پیر 9 اکتوبر کو ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔ پشاورکے حلقے این اے 4پرہونیو الے ضمنی انتخاب کے ریٹرننگ افسر محمداسحاق خان نے آزادامیدوارلیاقت علی خان کونوٹس جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ آپ کی جانب سے کالعدم تنظیم ملی مسلم لیگ کی حمایت کے بینرلگائے گئے ہیں جبکہ آپ نے آزادامیدوارکی حیثیت سے ضمنی انتخاب لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اورآپ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے جو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہوئے تھے، لہٰذا پیر 9 اکتوبر کو اس سلسلے میں وضاحت پیش کرنے کے لیے ریٹرننگ افسر کے دفترمیں تحریری جواب کے ساتھ پیش ہوں۔