خاموشی کہیں طوفان کا پیش خیمہ ہوتی ہے اور کہیں مصلحت کا 

275

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ کہیں خاموشی طوفان کا پیش خیمہ ہوتی ہے اور کہیں مصلحت کا پیش خیمہ ہوتی ہے، بہت ساری باتوں میں ہم بھی خاموش ہوئے ہوں گے، آئی بی نے خط کی تردید کر دی ہے، کسی نے اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلیے یہ حرکت کی ہے، تمام اداروں کوجمہوریت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں دراڑ پڑ جائے، فاٹا کے مسئلے کو حل کرنے کیلیے ہم نے ہی قدم اٹھایا ہے، ماضی میں کسی حکومت نے اس مسئلے کے حل کے بارے میں نہیں سوچا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ آئی بی نے خط کی تردید کر دی ہے، یہ ایشو ہے ہی نہیں اسے زبردستی ایشو نہیں بنانا چاہیے،اس طرح کے کام کچھ لوگ سوشل میڈیا پر اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلیے کرتے ہیں، کسی نے اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی حرکت کی ہے۔