خضدار، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں تقریری مقابلہ

154

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان ڈبیٹنگ سوسائٹی کی جانب سے بلوچستان کے شہر خضدار کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے آڈیٹوریم میں ایک تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد تھے۔ ’’ہمیں تعلیم دو‘‘ کے عنوان پر ضلع بھر کے اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے اظہار خیال کیا اور شرکا سے خوب داد سمیٹی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر ظہور احمدنے پاکستان ڈبیٹنگ سوسائٹی کی کاوشوں کو خوب سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹ بلوچستان کے اسکول، کالج اور یونیورسٹی میں منعقد ہونے چاہییں تاکہ طلبہ و طالبات اپنا فارغ وقت ضائع کرنے کے بجائے ان سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ تقریب کے آخر میں پی ڈی ایس کے سرپرست اعلیٰ ناصر احمد نذیر اور چیئرمین مرزا فیاض احمد کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا، جس پر تمام طلبہ وطالبات نے ساتھ چلنے کا عزم کیا۔ پی ڈی ایس کے چیئرمین مرزا فیاض احمد کی طرف سے اس کامیاب ایونٹ پر خضدار کے تمام ممبران کو مبارکباد پیش کی گئی۔