روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والی فسطائیت کا نوٹس لیا جائے

187

گوادر (نمائندہ جسارت) روہنگیا مسلمانوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے۔ برما کی حکومت مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھ رہی ہے۔ او آئی سی کا اجلاس طلب کر کے روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والی فسطائیت کا نوٹس لیا جائے۔ مقررین کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب۔ پاکستان فشر فوک فور م کے زیر اہتمام روہنگیا ئی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف گزشتہ روز ملا فاضل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہر ین سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ برما میں جس طرح روہنگیائی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اس سے انسانیت شرمسار ہے۔ مسلمانوں کو کلمے کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جارہا ہے، حیف ہے کہ بڑے بڑے اسلامی ممالک اس ظلم پر خاموش ہیں۔



انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو نسلی بنیاد پر ختم نہیں کیا جاسکتا، کفار اور مشرکین نے آنحضرتﷺ کے دور میں بھی ظلم کیے لیکن مسلمان سرخرو رہے، ہم سب مسلمان ہیں، ہمارا رشتہ کلمے کی بنیاد پر استوار ہے جس کے پیش نظر روہنگیائی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی مدد ہمارا دینی فریضہ ہے۔ او آئی سی کی روہنگیائی مسلمانوں پر روا رکھے جانے والے ظلم پر خاموشی شرمناک ہے۔ تمام اسلامی ممالک متحد ہوکر روہنگیائی مسلمانوں کی آواز بن جائیں تاکہ مظلوم لوگوں کی داد رسی ہو۔ مقررین میں پاکستان فشر فوک فورم کے صدر ناخدا اکبر علی رئیس، سابق صدر غلام نبی ہاشم اور دیگر شامل تھے۔