اسلام آباد ( آئی این پی ) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے آئی بی کے مبینہ خط کے معاملے پر اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے کمیشن فوری قائم کیا جائے،تحقیقات کی تکمیل سے قبل مقدمے کا اندراج ناقدین کیخلاف حکومتی عزائم کا واضح اظہارہے،سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آزاد ی اظہار کا گلا گھونٹنے کی کوششیں جاری ہیں۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے نااہل کیا گیا شخص اور اس کے درباری صبح وشام ریاستی اداروں پر کیچڑ اچھالتے ہیں، حکومت شرارت اور انتقامی مقدمہ بازی سے باز رہے ۔نجی ٹی وی کے سینئر اینکر کیخلاف مقدمے کا اندراج ناقدین کیخلاف حکومتی عزائم کا واضح اظہارہے ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیمرا حکومت کے ناقدین کو پیشی پر بلا کر انٹیلی جنس اداروں سے دھماکا ضروری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن سے سچائی قوم کے سامنے لائی جائے۔