دشت‘ بس اور مسافر ویگن میں خوفناک تصادم‘ 14جاں بحق‘ 30سے زائد زخمی

814
مستونگ: دشت میں ٹریفک حادثے میں تباہ ہونے والی گاڑیاں‘ چھوٹی تصویرمیں جاں بحق افراد کی میتیں اسپتال میں رکھی ہیں
مستونگ: دشت میں ٹریفک حادثے میں تباہ ہونے والی گاڑیاں‘ چھوٹی تصویرمیں جاں بحق افراد کی میتیں اسپتال میں رکھی ہیں

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ کے قریب مستونگ کی تحصیل دشت میں مزدا بس اور مسافر ویگن میں خوفناک تصادم،حادثے میں3 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ30سے زائد زخمی ہوگئے۔ حادثہ اوور ٹیکنگ کے باعث پیش آیا،جاں بحق ہونے والوں میں بیشتر کا تعلق سبی سے بتایا جاتا ہے جو ویگن میں سبی سے کوئٹہ آرہے تھے۔ڈپٹی کمشنر مستونگ صلاح الدین نورزئی کے مطابق حادثہ ہفتے کی صبح تقریبا10 بجے کوئٹہ سے تقریبا30کلومیٹر دور مستونگ کی تحصیل دشت کے علاقے تیرا مل میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر پیش آیا۔ کوئٹہ سے بولان جانے والی مزدا بس اوور ٹیکنگ کرتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والی مسافر ویگن سے ٹکراگئی،حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ مسافر ویگن تباہ ہوگئی جبکہ مسافر بس کے اگلے حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا، ویگن میں سوار ڈرائیور سمیت بیشتر افراد لقمہ اجل بن گئے اورشدید زخمی ہوئے۔ بس میں سوار افراد کو بھی شدید زخم آئے۔ اطلاع ملتے ہی لیویز اہلکار ، کوئٹہ سے ایدھی اور چھیپا کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے۔بری طرح نقصان پہنچنے کے بعد ویگن میں سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیاگیا۔



سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فرید سمالانی کے مطابق اسپتال میں13 افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا جبکہ30 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے ایک زخمی دوران علاج دم توڑ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ10 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ20 زخمی ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہیں۔3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جو ٹراما سینٹر کے آئی سی یو وارڈ میں داخل ہیں۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں آبائی علاقے سبی روانہ کردی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر مستونگ صلاح الدین نورزئی کے مطابق بس میں سوار افراد بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ کے ملازمین تھے جو پکنک کے لیے کوئٹہ سے بولان جارہے تھے۔ حادثے کے بعد کوئٹہ سبی شاہراہ جزوی طور پر ٹریفک کے لیے معطل رہی۔بعد میں لیویز اہلکاروں نے کرین کی مدد سے متاثرہ بس اور ویگن کو ہٹاکر شاہراہ مکمل طور پر بحال کردی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصاں پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طورپر متاثرین کے لیے فوری طور پر امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ زخمیوں کو فوری طورپر ٹراما سینٹر منتقل کرکے بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی کی۔