جماعت اسلامی کی ضلع جنوبی میں دعوتی مہم شروع

173

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع جنوبی نے دعوتی اصلاحی مہم شروع کردی، مہم کے دوران نوجوانوں کو جماعت اسلامی میں شمولیت کے لیے رکن سازی کی جائے گی ، 15اکتوبر سے نوجوانوں کی جماعت اسلامی میں شمولیت ممبر سازی شروع کی جائے گی جس کا مقصد عام افراد خصوصاً نوجوانوں کو جماعت اسلامی میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران 19نومبر کو دعوتی و اصلاحی اجتماع منعقد کیا جائے گا جس سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق خطاب کریں گے ۔ جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبدالرشیدنے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع میں دعوتی اصلاحی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ،انہوں نے سید طاہر اکبرکومہم کا کنوینر اور سفیان دلاور کو ناظم اجتماع مقرر کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران گھر گھر دعوتی لٹریچر تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں آج جو اسلامی تحریکیں موجود ہیں اس میں مولانا مودودی کی فکر اور نظریا تی اساس موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جو ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو تاکید کی کہ وہ جماعت اسلامی کی دعوت کو گھر گھر پہنچائیں ۔