پمز اسپتال کے ملازمین کے مطالبات فوری حل کیے جائیں، میاں اسلم

155

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے گزشتہ روز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( پمز) کا دور ہ کیا۔ جہاں پر انہوں نے گزشتہ ہفتے سے جاری ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور عام ملازمین سے ملاقات کی۔ اس مو قع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور عام ملازمین کے احتجاج پر حکومتی بے حسی قابل مذمت ہے، وزارت نے مریضوں کی مشکلات کو نظر انداز کرتے ہوئے معاملات کو حل کرنے کے بجائے آمرانہ طرز عمل اختیار کیا ہوا ہے۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ حکومت اور وزارت کیڈ، اسپتال اور یونیورسٹی کی علیحدگی کے معاملے کو خوش اسلوبی اور باہمی مذاکرات کے ذریعے حل کرے، تاکہ کشیدگی اور اشتعال کی کیفیت ختم کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزارت کیڈ کے اس ناروا رویے کی وجہ سے اسلام آباد، اس کے گردونواح اور ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے تقریباً پانچ ہزار مریض بری طرح متاثر ہورہے ہیں اور سیکڑوں افرد کے آپریشن ملتوی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے پمز انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے مؤقف میں لچک پیدا کرتے ہوئے اسپتال میں آنے والے مریضوں کا خیال رکھے۔