لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے

182
ڈیرہ اللہ یار: نیشنل پارٹی کے تحت نکالی گئی ریلی کے شرکا بینر اٹھائے ہوئے ہیں 
ڈیرہ اللہ یار: نیشنل پارٹی کے تحت نکالی گئی ریلی کے شرکا بینر اٹھائے ہوئے ہیں 

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے رہنماؤں سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ، انجینئر عظیم رندھاوا، محبوب الزماں بٹ، رانا وسیم احمد ایڈووکیٹ اور غلام عباس خان نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ جیسے عفریت کے خاتمے اور بجلی و پانی کی پیداوار بڑھانے کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کو غیر ملکی سازش کے تحت متنازع بنادیا گیا ہے۔ ڈیم کی مخالفت کرنے والے اپنے امریکی آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرکے بھارت کے مفادات کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ وزیر اعظم تمام صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کرکے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ قومی مفاد میں ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف سستی ترین بجلی عوام کو میسر ہوگی بلکہ صنعتی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں بھی دور ہوجائیں گی۔ ملکی معیشت میں اس وقت تک مثبت تبدیلی نہیں آسکتی جب تک کالا باغ ڈیم بن نہیں جاتا۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ایک روپے سے بھی کم قیمت پر بجلی کا یونٹ عوام کو فراہم کیا جاسکتا ہے اور ساٹھ سے ستر لاکھ ایکڑ زمین قابل کاشت ہوجائے گی۔ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن ہوگا۔ ڈیم کی تعمیر سے ہی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے تمام محب وطن سیاسی جماعتوں اور سیاست دانوں سے اپیل کی ہے کہ تمام تر اختلافات کو بھلاکر حکمرانوں کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر مجبور کریں تا کہ پاکستان اندھیروں سے نکل کر ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے۔