احتساب عدالت میں مجھے کسی نے نہیں روکا‘ احسن اقبال کا یوٹرن

365

نارووال/اسلام آباد ( خبرایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب عدالت میں مجھے کسی نے نہیں روکا‘ نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر جب سب کچھ ہو چکا تھا تب وہاں پہنچا رینجرز سے وضاحت پیر یا منگل تک ملنے کی توقع ہے فوج کو نشانہ بنانے کا تاثر غلط ہے‘ملک پی سی او ججز جیسے عدالتی فیصلوں کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ آج پاکستان ’ڈوبتا ہوا‘ نہیں بلکہ ’ابھرتا ہوا ملک ‘ہے‘ عمران خان کی ن لیگ اور فوج کو لڑانے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی‘ کسی کو ملک پر میلی نظر ڈالنے نہیں دیں گے‘ ملک کا مستقبل آئینی حکمرانی اور مضبوط اداروں سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسڑکٹ بار ایسوسی ایشن نارووال سے خطاب اور نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مولوی تمیزالدین، نصرت بھٹو، ظفر علی شاہ اور پی سی او ججز جیسے عدالتی فیصلوں کے متحمل نہیں ہو سکتے ‘ہم ملک کے اندر کسی بھی قسم کا مذہبی تہوار بغیر سیکورٹی کے ادا نہیں کر سکتے اس کا مطلب یہی ہے کہ ہمارے گھر میں کچھ خرابی ہے جس کو ہم نے ٹھیک کرنا ہے۔



وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاناما کے فیصلے کے باعث صرف اسٹاک ایکسچینج میں 14 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے‘عمران خان بین الاقوامی فنڈنگ کا جواب کیوں نہیں دیتے؟ جو غیر ملکی قوتیں پیسے دیتی ہیں وہ اپنے ایجنڈے پر عمل درآمد بھی کراتی ہیں‘ آج حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں امن واپس آرہاہے،کراچی کی روشنیاں واپس آرہی ہیں اور بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ قائداعظم کے پرامن پاکستان کو حاصل کرنے کے لیے لڑ رہے ہیں‘ ہم دفاع پاکستان کے لیے متحد ہیں اور ملک پر کسی کو میلی نظر سے دیکھنے نہیں دیں گے اور جو لوگ انتشار اور افراتفری کی سیاست کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاناما کیس کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا تھا‘ عمران خان نے گزشتہ عام انتخابات میں ناکامی کے بعد سازش کا راستہ چنا‘ عمران خان اور شیخ رشید مسلم لیگ ن اور فوج کو لڑانے کی گھناؤنی سازشیں کر رہے ہیں‘ ہم یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔