اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈ یسک+آئی این پی+آن لائن )حکومت نے بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کیس میں عالمی عدالت انصاف میں بھرپور دفاع کی تیاری کرلی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کو ا س کیس میں ایڈ ہاک جج مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا،حکومت رواں ماہ ہی عالمی عدالت کو ایڈہاک جج کے بارے میں اپنے فیصلے سے آگاہ اور12اکتوبر تک جامع جواب عالمی عدالت انصاف کو بھجوادے گی۔ محکمہ قانون کی جانب سے ایڈ ہاک جج کے تقرر کے لیے جو سمری وزیراعظم کو ارسال کی گئی اس میں 2 نام تجویز کیے گئے جن میں جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی اور سینئر وکیل مخدوم علی خان کا نام شامل تھا۔حکومت نے فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشورے کے بعد تصدق جیلانی کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت رواں ماہ ہی عالمی عدالت کو ایڈہاک جج مقرر کرنے کے اپنے اس فیصلے سے آگاہ کردے گی۔واضح رہے کہ فوجی عدالت نے کل بھوشن یادیو کو سزائے موت سنائی ہے جب کہ بھارت نے اس کیس کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھایا ہے جہاں اس کی سماعت جاری ہے۔ جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی نے 12 دسمبر 2013ء کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور 5 جولائی 2014ء کو وہ ریٹائر ہوئے تھے۔