سری نگر (خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور نوجوان شہید جبکہ مظالم کے خلاف ہڑتال اور مظاہرے جاری ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر بالنو کے رہائشی 18سالہ نوجوان محمد یاسر کو کھیت میں کام کرتے ہوئے گولی مار کر شہید کردیا ۔دوسری جانب وادی قصبے اسلام آباد میں تاجرو ں نے بھارتی پولیس کے مظالم کے خلاف ہفتے کے روز ہڑتال اور مظاہرے کیے ۔لالچوک میں دھرنا دینے والے تاجروں کا کہنا تھا کہ بھارتی پولیس نے جمعہ کے روز تاجروں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور دکانوں میں توڑ پھوڑ کی اور متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ۔دریں اثنا ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی کال پر قصبے میں ہڑتال بھی کی گئی۔ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی ایک عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے ۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ تہاڑ جیل انتظامیہ کی جانب سے انہیں مناسب طبی امداد فراہم نہیں کی جارہی اورجیل کے اندر ان پر کئی مرتبہ حملے کیے گئے ان کی جان کو شدید خطرات ہیں یاد رہے کہ بھارتی اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شبیر احمد شاہ کو رواں برس 25جولائی کوایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کرنے کے بعد نئی دہلی منتقل کر دیا تھا۔مزید برآں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما نعیم احمد خان کی نئی دہلی تہاڑ جیل میں طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔