اسلام آباد (آئی این پی)سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے وزارت داخلہ سے جاتے ہی افسران نے ان کے بنائے گئے رہنما اصولوں و قوانین کی دھجیاں بکھیرنی شروع کردیں۔ نادرا کے چیئرمین سمیت کئی اعلیٰ افسران اجازت کے بغیر ہی بیرون ملک چلے گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق چودھری نثار نے بطور وزیر داخلہ نادرا سمیت دیگر محکموں کے افسران کی بیرون ملک روانگی کو سیکرٹری داخلہ کی اجازت سے مشروط کیا تھا تاہم ان کے جاتے ہی افسران نے یہ احکامات ہوا میں اڑا دیے اور بیرون ملک کے دوروں میں مصروف ہیں۔پابندی کے باوجود ڈی جی نادرا ذوالفقار علی اور ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ کے 6 افسران سمیت چیئرمین نادرا عثمان مبین بھی بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں اور انہوں نے جانے سے قبل سیکرٹری داخلہ سے اجازت بھی نہیں لی۔ دوسری جانب چیئرمین نادرا عثمان مبین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک دوروں کے لیے سیکرٹری داخلہ کے اجازت نامے کی ضرورت نہیں۔وزیر اعظم کی خصوصی اجازت سے بیرون ملک جا رہا ہوں۔