عمران خان نے پھر سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دے دی

343
بونیر: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان جلسے سے خطاب کررہے ہیں
بونیر: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان جلسے سے خطاب کررہے ہیں

بونیر (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پھر سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان چوری چھپانے کے لیے ملک تباہ کررہا ہے، قومی اسمبلی نے ایک مجرم کو پارٹی صدر بنانے کا قانون پاس کیا،نواز شریف سزا سے بچنے کے لیے عدلیہ اور فوج پر حملے کررہے ہیں، شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیاعمران خا ن کاکہنا تھا کہ آصف زرداری اور نوازشریف قوم کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں،ڈیزل ان دونوں کے ساتھ فٹ ہوجاتاہے، میں فضل الرحمان کومولاناکہنا پسند نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور نوازشریف کے آنے تک ہر پاکستانی پر35 ہزار قرض تھا، اس وقت ہر پاکستانی ایک لاکھ 30 ہزار روپے کا مقروض ہے۔ ملک میں 45 فیصد بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔ ہر سال ایک ہزار ارب روپے منی لانڈرنگ سے باہر چلے جاتے ہیں، اگر یہ پیسہ باہر نہ جائے تو یہاں فیکٹریاں، اسکول اور اسپتال بن سکتے ہیں۔



چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جمہوریت میں میرٹ اور بادشاہت میں خون کار شتہ ہے، اسی بنیاد پر جمہوریت نے بادشاہت کو شکست دی۔ میرٹ ہو تو بلاول اور مراد سعید کا کوئی مقابلہ نہیں، مراد سعید میرٹ پر اوپر آیا، پیپلز پارٹی میں میرٹ ہوتی تو بلاول اور اعتزاز احسن میں کیا مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ نوازشریف اب بھی میرے وزیراعظم ہیں، وہ ایک کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پرویز خٹک نے لوگوں کے لیے کچھ کیا ہوگا اسی لیے وہ تالیاں بجارہے ہیں۔ ہمیں ماضی میں کامیابی نہیں ملی لیکن اب بونیر پی ٹی آئی کا ہو گا۔ خیبرپختونخوانے تبدیلی کا انقلاب شروع کرنے کا موقع دیا۔ 2018 ء کے انتخابات میں پورے پاکستان میں تبدیلی کا انقلاب آئے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک سے پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا جا رہا ہے جبکہ چوروں اورڈاکوؤں کی کرپشن کی قیمت عوام غربت سے ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومیں کبھی بمباری یاشکست سے تباہ نہیں ہوتیں،بلکہ قومیں اخلاقیات ختم ہونے سے تباہ ہوتی ہیں۔ قوم فیصلہ کرلے ہمیں ظلم کامقابلہ کرناہے اورکبھی کسی کرپٹ لیڈرکوحکومت میں نہیں آنے دینا ہے۔