ایران کی جانب سے پھرسرحدی خلاف ورزی، مارٹر فائر

202

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) سیکورٹی حکام کے مطابق ایرانی بارڈر فورس نے اتوار کو پاکستانی حدود کی جانب 81 ایم ایم کا ایک مارٹر گولہ داغا جو پاکستانی حدود کے 2 کلومیٹر اندر ضلع پنجگور میں ایف سی پنجگور رائفلز 68 ونگ کی ایک چیک پوسٹ کے قریب گرا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ 4 اکتوبر کو بھی ایرانی فورس نے پاکستانی حدود میں 11 مارٹر گولے داغے تھے جبکہ اسی روز ایرانی ڈرون نے پاکستانی حدود میں پرواز کی تھی۔ 5 اکتوبر کو بھی 2مارٹر گولے پنجگور کے علاقے پشک چیک پوسٹ کی حدود جب کہ 6 اکتوبر کو ایرانی جاسوس ڈرون طیارے نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجگور کے سرحدی علاقے میں پرواز کی۔ یہ بھی واضح رہے کہ چند ماہ قبل پاکستانی ائر فورس نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر ایران کا ایک ڈرون طیارہ گرایا تھا لیکن ایران سرحدی خلاف ورزی سے پھر بھی باز نہیں آرہا۔