8اکتوبر 2005 کے زلزلے کو12برس بیت گئے‘ الخدمت کا بحالی متاثرین کا سفر جاری

391
اسلام آباد: زلزلہ کے12برس مکمل ہونے پرچیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز اوردیگر دعائیہ تقریب میں شریک ہیں
اسلام آباد: زلزلہ کے12برس مکمل ہونے پرچیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز اوردیگر دعائیہ تقریب میں شریک ہیں

مظفر آباد/اسلام آباد (خبر ایجنسیا ں) آزاد کشمیر سمیت شمالی علاقہ جات میں 8 اکتوبر 2005ء کے ہولناک زلزلے کو 12 برس بیت گئے جبکہ الخدمت کی جانب سے متاثرین کی بحالی کا سفر جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز زلزلے کی12ویں برسی کے موقع پر مساجد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، قائم مقام وزیراعظم راجا نثار نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ شہدا کی یاد میں سائرن بجائے گئے اورایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، تقریب میں اعلی عسکری اور سول حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ آزادکشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کی یادگارپرسلامی دی۔واضح رہے کہ 2005 کے زلزلے میں تقریباً ایک لاکھ افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے جبکہ لاکھوں افراد کو بے گھر ہونے کا عذاب بھی سہنا پڑا۔واضح رہے کہ سیکڑوں اسکول ، تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال اور دیگر سرکاری عمارتیں آج بھی تعمیرکی منتظرہیں،نیو بالاکوٹ سٹی کی تعمیر کا منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔



آزادکشمیرمیں مجموعی طورپر2800 کے قریب سرکاری تعلیمی ادارے تباہ ہوئے جبکہ تعمیرنو کے 7835 منصوبوں میں سے 2442 منصوبے تکمیل کے منتظرہیں۔دوسری جانب الخدمت فاؤنڈیشن آزاد جموں وکشمیرکے صدر ڈاکٹر ریاض نے کہاہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن زلزلے سے کر اب تک متاثرین کی بحالی اور خدمت جاری رکھے ہوئے ہے،مظفرآباد یونیورسٹی میں لگائے گئے الخدمت کے اسٹال کاوزیر اعظم آزاد کشمیرنے دورہ کیا اور الخدمت کی خدامات کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک آخری متاثربھی بحال نہیں ہوجاتا اس وقت تک الخدمت کے رضاکار آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر میں متاثرین زلزلہ کی بحالی کے ساتھ اور کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے پینے کے صاف پانی یتیم بچوں کی کفالت،متاثرین کنٹرول لائن کی امداد،ایمبولنسوں کے ذریعے مریضوں اورزخمیوں کی اسپتال منتقلی جیسی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔