2پالیسیاں کسی ملک میں نہیں چل سکتیں‘ حکومت کے خلاف سازش ہوئی تو مقابلہ کرینگے‘ شاہد خاقان

224

اسلام آباد(خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک( وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کوئی ملک 2پالیسیاں بناکر کام نہیں کرسکتا‘ حکومت کے خلاف سازش ہوئی تو مقابلہ کریں گے۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہپاناما فیصلے کے محرکات سب کے سامنے ہیں ،پورا پاکستان اس پر بات کررہا ہے ۔شاہد خاقان نے کہا کہ بطور وزیر اعظم میرا کام ہے کہ احتساب عدالت کے باہر رینجرز معاملے پرتفتیش کروں۔ان کے بقول کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتا۔نوازشریف کی پالیسیوں کوآگے بڑھا رہا ہوں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت دوست ممالک میں شامل نہیں ‘ اس سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھی جاسکتی‘ نئی دہلی سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن پہلے کشمیر پھر دیگر معاملات پر بات ہوگی،موجودہ ماحول میں نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کا قدم اٹھانا مشکل ہے، نئی دہلی کو باور کرادیا ہے کہ ہرسازش کا مقابلہ کریں گے۔



شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ افغان صدر کیلیے پاکستان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ افغانستان میں ہم سے زیادہ کوئی امن نہیں چاہتا اور ہم یہ چاہتے ہیں افغان عوام بیٹھ کر مسئلہ حل کریں کیوں کہ جنگ حل نہیں ہے۔سی پیک پر امریکی اعتراض کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک سڑک کا نام نہیں ہے بلکہ چین کے ساتھ ایک اقتصادی معاملہ ہے جس میں کئی پروجیکٹ ہیں ،سی پیک سے متعلق یہ کہنا کہ متنازع علاقے سے گرز رہی ہے اسے عقل تسلیم نہیں کرتی۔