لاہور(خبر ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی گدھ عوام کی خوشحالی کو نوچ رہے ہیں،عوام مخالفین کو پہچانیں ،اورنج ٹرین منصوبہ لاہور کا نہیں پورے پاکستان کا ہے اور اس منصوبے کے حوالے سے عدالت کی جانب سے جو بھی فیصلہ آیا اسے قبول کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اورنج لائن ٹرین کے انجن اور بوگیوں کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے چینی سفیر کے ساتھ تقریب کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیاسی گدھ نہیں چاہتے کہ یہ منصوبہ وقت پر مکمل ہو، یہ منصوبہ لاہور کا نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے کے حوالے سے عدالت کی جانب سے جو بھی فیصلہ آیا اسے قبول کیا جائے گا،
اہل پاکستان اور اہل لاہور اپنے سیاسی مخالفین کو پہچان لیں۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین چین کا پاکستان کو تحفہ ہے جس میں ہرطبقے سے تعلق رکھنے والے ڈھائی لاکھ افراد روزانہ سفر کریں گے اور شہریوں کو عزت واحترام کی سفری سہولیات میسر آئیں گی، 5 بوگیوں پر مشتمل اس اورنج ٹرین میں ایک ہزار لوگ سفر کرسکیں گے جبکہ یہ ٹرین 27 کلومیٹر کا فاصلہ 45 منٹ میں طے کرے گی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ میٹرو بس کوبھی نیازی صاحب نے جنگلا بس قرار دیا، 2014 ء میں خود نیازی صاحب نے پشاور میں بھی میٹرو بس کا اعلان کیا تھا۔شہباز شریف نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ نوجوانوں کو غلط دکھانے والوں کو بے نقاب کیا جائے جبکہ الزامات لگانے والے قوم کا وقت ضائع کررہے ہیں۔