پاکستان ورکرز فیڈریشن کا صوبائی صنعتی تعلقات کے قانون میں کام سے متعلق حقوق اور عالمی معیار محنت کے حوالے سے آگاہی مہم کا ایک روزہ تربیتی پروگرام ہینو پاک موٹر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی رہنما ڈاکٹر اسحق نے لیکچر دیا۔ پروگرام میں ہینو پاک موٹرز کے ڈائریکٹر فہیم اعجاز سبزواری‘PWF کے رہنما قاضی تنویر‘ موسیٰ خان‘ ہینوپاک موٹر ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری وسیم احمد اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ہینو پاک موٹرز کے مزدور رہنما وسیم احمد نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تربیتی پروگرام سے ٹریڈ یونین رہنماؤں میں اپنے حقوق کا شعور بیدار ہوتا ہے۔ مزدور رہنما قانون کے حوالے سے آگاہی حاصل کریں۔ اچھے مزدور رہنما کارخانوں میں صنعتی تعلقات بہتر بناتے ہیں۔ مزدور رہنما کارخانے کی پیداوار میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ جب کارخانے کی پیداوار بڑھے گی تو مالک او رمزدور دونوں کو فائدہ ہوگا۔ پروگرام میں ہمدرد کے مزدور رہنما ظہیر احمد خان‘ BSN میڈیکل کے مزدور رہنما ظاہر شاہ اور گل بخت شاہ‘ فارماٹیک کے مزدور رہنما امیر رون اور نفیس الحق ‘ ہارون آئل کے مزدور رہنما نیاز تنولی ‘ انڈس موٹرز کے مزدور رہنما عظمت علی‘ ندیم احمد‘ اویس احمد صدیقی ‘ ماجد رحیم‘ سہیل حمید اور دیگر نے شرکت کی۔