راولپنڈی جے آئی یوتھ کے انتخابات میں کامیاب پینلز کی تقریب حلف برداری

206

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں کامیاب ہونے والے پینلز کی تقریب حلف برداری اور یوتھ کنونشن گزشتہ روز راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصود احمد اور جے آئی یوتھ پاکستان کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل مہمانان خصوصی تھے۔ زبیر احمد گوندل نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں مقصود احمد نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں۔ اسلامی تاریخ پر اگر نگاہ ڈالی جائے تو ہم دیکھتے ہیں کہ نوجوانوں نے بڑے بڑے معرکے سر انجام دیے ہیں۔ نوجوانوں سے بڑی اُمیدیں وابستہ ہیں۔ جماعت اسلامی ہر سطح پر نوجوانوں کو قیادت کے منصب پر آگے لے کر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلف نامے میں ختم نبوت کی عبارت کی تبدیلی غلطی سے نہیں بلکہ ایک سازش کے تحت کروائی گئی تھی۔ قوم دیکھ رہی ہے کہ اس سنگین جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف حکومت کیا اقدام کرتی ہے۔ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی۔ اسلام دشمن طاقتیں ایک عرصے سے اس قانون میں ترمیم کے لیے کوششیں کر رہی ہیں ۔زبیر احمد گوندل نے کہا کہ یہ اعزاز جماعت اسلامی کو حاصل ہوا ہے کہ اس نے کے پی کے اور پنجاب میں یوتھ کے انتخابات کروائے ہیں ۔نوجوان اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ ہوں گے ۔ آج کے نوجوان نے ہی کل ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے اعلان کیا کہ جلد ہی لیاقت باغ میں جے آئی یوتھ کا بڑا جلسہ ہوگا۔ جس میں مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ہوں گے ۔ جے آئی یوتھ ضلع راولپنڈی کے صدر بختیار الحق کیانی نے یوتھ کنونشن کے منتظمین اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلا می ضلع راولپنڈ ی رورل شمس الرحمن سواتی، ضلعی ریٹرننگ آفیسراور جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی ضیا اللہ چوہان، نائب اُمرا سید عزیر حامد، قاضی محمد جمیل، رضوان احمد، امیر جماعت اسلامی پی پی 14 سید ارشد فاروق ٗوائس چیئر مین راولپنڈی چیمبر آف کامرس خالد فاروق قاضی اور جے آئی یوتھ کے نومنتخب زونل صدور اور دیگر عہدیداران نے بھی اظہار خیال کیا۔