این اے فور کے عوام انتخابات میں دھوکا نہیں کھائیں گے، مشتاق خان

213

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پشاور کے غیور عوام 26 اکتوبر کو ملک کو لوٹنے والے پاناما اسکینڈلز اور ایزی لوڈ کلچر کی پیداوار اور ختم نبوت پر خاموشی اختیار کرنے والوں اور روایتی اور موروثی سیاستدانوں کو مسترد کردیں گے۔ این اے فور کے عوام کرپشن میں ملوث آف شور کمپنیوں اور اکاؤنٹس کے مالکان کو پہچان چکے ہیں اور وہ اب مزید دھوکا نہیں کھائیں گے، عوام چوروں کے مقابلے میں جماعت اسلامی کی ایماندار اور دیانتدار قیادت منتخب کرکے ترازو کے نشان پر مہر لگائیں گے۔ این فور کے بیدار عوام اب کسی کو اپنے حلقہ انتخاب پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں اور سبز باغ دکھانے والوں کے دھوکا میں نہیں آئیں گے کارکنان جماعت اسلامی اور ذمے داران این اے فور کمر کس لیں۔ جیت جماعت اسلامی کے قدم چومے گی، ہم اپنی مضبوط تنظیمی قوت سے حیران کن کامیابی حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی کے المرکز الاسلامی پشاور میں این اے فور کے یو سی ذمے داران اور الیکشن مہم کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبد الواسع، نائب امیر ڈاکٹر اقبال خلیل، ضلعی امیر صابر حسین اعوانؔ ، جنرل سیکرٹری عتیق الرحمن اور سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں این اے فور میں ضمنی الیکشن کی تیاریوں کا مکمل جائزہ لیا گیا اور ذمے داران کو کام تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔