تحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کے ایمان و عقیدہ کا حصہ ہے، ریاض احمد

359

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 65کے امیر ریاض احمدسعدی نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی امریکا میں قادیانی لابی سے ملاقاتوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے وزیر خارجہ کی قادیانی جماعت کے نائب صدر کے ساتھ ملاقات کی تصاویر کا اجرا ہونا پوری قوم کے لیے لمحہ فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کے ایمان و عقیدہ کا حصہ ہے۔ پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کے نام پر عقیدہ ختم نبوت سے حلف نامے میں تبدیلی سے لے کر امریکی دورے پر وزیر خارجہ کی قادیانی لابی سے ملاقاتوں نے حکمرانوں کی اصلیت کو واضح کردیا ہے۔ وفاقی وزیر خارجہ قادیانی لابی سے ملاقات کی، قوم کے سامنے وضاحت اور عقیدہ ختم نبوت میں تبدیلی کے ذمے داروں کا تعین کر کے سخت سزا دی جائے کیوں کہ یہ کوئی معمولی غلطی نہیں، سوچی سمجھی ایک سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قادیانیوں کو اسلام سے خارج اور اپنی تبلیغ کے لیے اسلام اور مسجد کا نام استعمال کرنے پر سخت پابندی ہے مگر اس کے باوجود پاکستان میں قادیانیوں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل چھوٹ دی گئی ہے۔ حکومت کے اہم اداروں میں اس لابی کو مضبوط کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے اسلامی تشخص کو مٹانے اور اسے نظریاتی طور پر کمزور کرنے کی بین الاقوامی طور پر سازش ہورہی ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت آلہ کار بن کر ان کی تکمیل میں مصروف ہے، حالیہ اقدامات ان کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بھلے غیروں کے آلہ کا ر بنیں رہیں مگر پاکستان کے عوام ملک کے نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔