راہداری منصوبے پر امریکی تشویش اندرونی معاملات میں مداخلت ہے ، میاں مقصود 

249

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے امریکی وزیردفاع ہندوستان کی زبان بول رہے ہیں۔ یہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔پاکستان کے خلاف امریکی انتظامیہ کاگھناؤنا چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کسی ملک یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ یہ پاکستان اور اس کے عوام کی خوشحالی کامنصوبہ ہے جسے ہر صورت مکمل ہونا چاہیے۔ امریکا کو متنازع علاقے کی اتنی ہی فکر ہے تو مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کروائے اور 4 کروڑ کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران امریکی کاسہ لیسی چھوڑ کر ملک وقوم کی سلامتی کے لیے بہتر اقدامات کریں۔ جماعت اسلامی شروع دن سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکی اثرو رسوخ کی شدید مخالفت کرتی آرہی ہے۔ امریکی غلامی سے نجات دلانے اور ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے نڈر، محب وطن، باکردار اور باصلاحیت قیادت کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس پڑھی لکھی، محب وطن، ایماندار قیادت موجود ہے۔



جماعت اسلامی کے نمائندوں نے اسمبلیوں کے اندر اور باہر ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے۔ ماضی میں ملک وقوم پر کسی بھی قسم کی مصیبت آئی تو ہمارے کارکنوں نے آگے بڑھ کر کردار ادا کیا۔ اگر قوم نے 2018ء میں جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا تو ہم اسے مایوس نہیں کریں گے۔ قومی، صوبائی اسمبلی اور سینٹ میں رہنے والے ہمارے نمائندوں پر کرپشن کا ایک بھی داغ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات 2018ء کے حوالے سے بھرپور انداز میں تیاری کرکے میدان میں اتریں گے۔ کارکن امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ 70 برسوں سے پاکستان پر لٹیروں کا قبضہ ہے۔ الیکشن کو روپے پیسے کا کھیل بنا دیا گیا ہے۔ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا فرد قومی وصوبائی اسمبلی کا ممبر بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ فرسودہ نظام نے غریب عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے، اس کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سیاسی چپقلش اور انتشار کی وجہ سے ملک دشمن قوتیں فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔ تمام مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی سلامتی اور بقا کے لیے ہمیں ایک ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔