عالمی ادارے کشمیر میں مظالم روکنے کیلیے امن فوج تعینات کرے، ریاض حسین

196

لاہور (آن لائن) جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے کے لیے امن فوج تعینات کریں۔ بھارت دنیا کا بدترین دہشت گرد ملک ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی وادی جیل میں تبدیل ہو چکی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہے۔ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ختم نہیں کر سکتا۔ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت سے دوستی اور تجارت نہیں ہو سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہل سنت آزاد کشمیر کے ناظم اعلیٰ علامہ بشیر القادری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے کشمیری علما سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے۔ پاکستانی حکومت ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرے۔ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ پاکستان کے ہر سفارت خانے میں کشمیر ڈیسک قائم کیا جائے۔ بھارت آئے روز کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ بن چکا ہے۔ کشمیر کی آزادی منزل قریب ہے۔ کشمیری حریت پسند دہشت گرد نہیں فریڈم فائٹر ہیں۔