لاہور(این این آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی پینے کے پانی پر رپورٹ حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ طویل اقتدار کے مزے لینے والا شریف خاندان عوام کو صاف پانی تک مہیا نہیں کر سکا جس سے ان کی کارکردگی کا بخوبی انداز لگایا جا سکتا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کے 24 بڑے شہروں میں69 فیصد پینے کے پانی کا آلودہ نکلنا حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ ن لیگی حکمران اپنے اللے تللے چھوڑ کر عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہم کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے آلودہ پانی کی وجہ سے بیماریوں میں خطر ناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے سڑکوں اور پلوں پر توجہ دے رہی ہے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے دعوے صرف اشتہاروں کی حد تک نظر آتے ہیں۔