45لاہور(اے پی پی )حکومت پنجاب نے یونائیٹڈ کرسچن اسپتال کو طبی آلات کی خریداری کیلیے 56.3 ملین روپے کی گرانٹ فراہم کر دی‘ میڈیکل ڈائریکٹر یونائیٹڈ کرسچن اسپتال ڈاکٹر آکاش میتھیو نے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے اس مستحسن اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی‘ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں عوام کو ایمرجنسی‘ فزیو‘ سرجریز‘ ایکسرے‘ میڈیکل لیبارٹری‘ آپریشن تھیٹر‘ آنکھوں کے امراض کے علاج سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں‘ ڈاکٹر آکاش میتھیو نے مزید کہا کہ پنجاب میڈیکل فیکلٹی کی طرف سے اسپتال کی بہترین سروسز جبکہ پاکستان نرسنگ کونسل کی طرف سے کمیونٹی مڈ وائفری کورس کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ بھرپور سراہا گیاہے۔