پشاور :ہیلتھ الاؤنس نہ دینے پر آج یوم سیاہ منایا جائیگا

171

پشاور (نمائندہ جسارت) کلاس 4 کے ملازمین کو خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس نہ دینے کے خلاف اسپتالوں میں آج یوم سیاہ منایا جائے گا جبکہ کل سے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ صوبائی پیرا میڈیکل درجہ چہارم ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین وارث خان، صدر لیاقت اعوان، جنرل سیکرٹری محمد علی، سیکرٹری اطلاعات آصف خان، خیبرٹیچنگ اسپتال کے صدر ہمایون خان، خیبر میڈیکل کالج کے صدر سمیع اللہ، لیاقت آباد میڈیکل کمپلیکس کے صدر صادق خان، مولوی
امیر شاہ میموریل اسپتال کے صدر ماجد خان، صفوت غیور میموریل اسپتال کے صدر سعادت خان اور نصیراللہ بابر میموریل اسپتال کے صدر جلیل خان نے کہا ہے کہ ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کے اجراء کے لیے درجہ چہارم کے ملازمین بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں گے جبکہ اسپتالوں میں سیاہ بینرز آویزاں کیے جائیں گے جن پر ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کے اجرا کیلیے نعرے درج ہوں گے، ساتھ ساتھ اسپتالوں پر سیاہ پرچم بھی لہرائے جائیں گے۔ اگر صوبائی حکومت نے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کا اعلان نہ کیا تو پھر 10 اکتوبر بروز منگل کو کلاس فور ملازمین صوبے بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالیں گے اور احتجاجی مظاہرے کریں گے۔