عمران خان 4 برس سے ریاستی اداروں کی تضحیک کررہے ہیں،مریم اورنگزیب

143

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان خود ایمپائر کی انگلی کی کٹھ پتلی ہیں اس لیے ان کو پاکستان کا ہر شخص کٹھ پتلی نظر آتا ہے،اداروں کے احترام کی بات عمران کو زیب نہیں دیتی،پہلے عدالت میں پیش ہو کر اپنا اشتہاری اسٹیٹس ختم کرائیں،عمران خان نفسیاتی مریض ہیں ،انہیں صرف پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے افراد صادق و امین دکھائی دیتے ہیں،پاکستا ن میں بد تمیزی،بد تہذہبی اور بداخلاقی کے منفی رویے پھیلانے والا کس منہ سے اخلاقیات کا درس دیتا ہے،پائی پائی کا حساب دینے والوں پروہ الزام لگا تے ہیں
اور خود چندے کا حساب دینے کو تیار نہیں،میاں محمد نواز شریف تعمیر اور مخالفین تخریب کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔ اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیبنے کہا کہ زکوۃ کے پیسے سے منی لانڈرنگ کرنے والا آج دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہا ہے۔



انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں پاکستان کے عوام عمران خان سے ان کے کیے کا حسا ب لیں گے، گزشتہ4برس میں عمران نے دھرنے دیے،افراتفری پھیلائی ،انتشارکی سیاست کی اور اداروں کی تضحیک کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 4قیمتی سال ضائع کر دیے ،نتھیا گلی کی ٹھنڈک کے مزے لینے والے کے پاس پشاور میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے وقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن خیبرپختونخوا کو مسلم لیگ(ن)کا مضبوط قلعہ بنائیں گے،2018ء میں خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ( ن) کی حکومت ہو گی ۔