ٹرینوں کے آگے پولیس ٹرالیاں لگانے کا فیصلہ

142

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ریلوے نے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹرینوں کے آگے پولیس ٹرالیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت ریلوے کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ یہ فیصلہ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور مسافروں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہیڈ کانسٹیبل، کانسٹیبل اور سول انجینئرنگ کا عملہ ٹرالی میں موجود ہو گا اور یہ ٹرالیاں ملک بھر کی تمام میجر ٹرینوں میں لگائی جائیں گی۔ پاکستان ریلوے کے مطابق مختلف ڈویژنوں کو ٹرالیاں فراہم کی جا رہی ہیں اور ملتان ڈویژن کو پہلے ہی3 ٹرالیاں دی جا چکی ہیں جن میں سے 2 ٹرالیاں کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور کشمور کے مابین چلنے والی خوشحال خان خٹک
ایکسپریس کے ساتھ لگائی جائیں گی۔ اس قسم کی موٹر ٹرالیاں کراچی، کوئٹہ اور سکھر ڈویژنوں کے حساس حصوں پر پیٹرولنگ بھی کریں گی۔