پشاور(آن لائن)قومی وطن پارٹی کے مرکزی چےئر مین آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں جلد ازجلد انضمام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کو فوری یقینی بنایا جائے تاکہ ان علاقوں کی پسماندگی کو دور کیا جاسکے اور قبائلی علاقاجات کو قومی دھارے میں لا کر ترقی کی ر اہ پر گامزن کیا جاسکے،فاٹا کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے سے نہ صرف پختونوں کی آواز مضبوط و موثر ہو گی بلکہ اس عمل سے قبائلی عوام کی ترقی اور خوشحالی بھی ممکن ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی کارکنوں کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ فاٹا کے خیبر پختونخوا
میں انضمام کے سوا کوئی حل قابل قبول نہیں اور اس میں مزید تاخیر قبائلی عوام کی محرومیوں میں مزید اضافہ کاباعث بنے گی۔انہوں نے کہا کہ فاٹا اور خیبر پختونخوا کے عوام ثقافت،زبان اور ایک ہی رسم و رواج میں بندھے ہوئے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ ان کو 2 حصوں میں تقسیم کرکے ان کے باہمی اتحاد و اتفاق کو کمزور کیا گیا ہے۔