چین سے تجارت نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،شاہد رشید

174

اسلام آباد(کامرس نیوز )اسلام آباد چیمبر آف ا سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے نے پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ بہت سے کارخانے اور درمیانے و چھوٹے درجہ کے کاروبار بند ہو گئے ہیں جبکہ بے روزگاری میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔پاکستان کی کل درامدات میں چین کا حصہ29 فیصد تک جا پہنچا ہے اس لیے اس معاہدے کو فوری طور پر متوازن بنایا جائے تاکہ ملکی معیشت کو مزید نقصانات سے بچایا جا سکے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دس سال میں پاکستانی برآمدات چار سو ملین ڈالر سے بڑھ کر 1.7 ارب ڈالر ہو گئی ہیں جو زیادہ تر چاول اور کپاس ہر مشتمل ہیں جبکہ چینی برآمدات 1.8 ارب ڈالر سے بڑھ کر چودہ ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جبکہ ا سمگلنگ اس کے علاوہ ہے جس نے مقامی صنعت اور ایس ایم ایز کی بنیادیں ہلا دی ہیں۔چین سے بجلی کے آلات، سرامکس، چپ پورڈ، پلائی ووڈ، سائیکلیں،مشینری، لوہا، فولاد، کیمیکل، پھل ، سبزیاں اور تقریباً ہر قسم کا سامان درآمد اورا سمگل کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ چین اور مشرقی ایشیاء کے ممالک کی تنظیم کے مابین تجارتی معاہدے سے پاکستانی برآمدات مزید مشکل ہو گئی ہیں کیونکہ قریبی تعلقات کے باوجودچین پاکستان کو وہ سہولت نہیں دے رہا ہے جو مشرقی ایشیائی ممالک کو حاصل ہے ۔ پاکستان میں درآمد ہونے والے الیکٹرک اور الیکٹرانک سامان میں چین کا حصہ 68 فیصد تک پہنچ گیا ہے جسے کم کرنے کی ضرورت ہے۔چین کے علاوہ دیگر ممالک سے کیے گئے تجارتی معاہدوں کا جھکاؤ بھی دیگر ممالک کی طرف ہے ۔