NA-4 میں اصل مقابلہ انجمن غلامان امریکا اور انجمن غلامان مصطفی ﷺکے درمیان ہے، مشتاق خان

221

پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا کہ NA4 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی جماعت اسلامی کا مقدر بنے گی اور NA4 پشاور کے غیور عوام 26 اکتوبر کو ملک کو لوٹنے والے پاناما اسیکنڈلز ،ایزی لوڈ کلچر کی پیداوار اور ختم نبوتؐ پر خاموشی اختیار کرنے والوں اور روایتی اور موروثی سیاستدانوں کو مسترد کردیں گے ،NA4 میں اصل مقابلہ انجمن غلامان امریکا اور انجمن غلا مان مصطفیٰﷺ کے درمیان ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان سچے عاشقان رسول ؐاور عقیدہ ختم نبوت ؐ پر جان قربان کرنے والے سرفروش ہیں ۔ہمارے حکمران و سیاستدان پاکستان میں سیاست ضرور کرتے اور الیکشن یہاں سے لڑتے ہیں لیکن اپنی اولادیں اور کاروبار اور رہائش باہر رکھتے ہیں ،پچھلے 70 برس سے امریکا ، برطانیہ اور یورپ کے غلام اس ملک پر قابض اور عوام کی گردنوں پر مسلط ہیں، NA4 کے عوام کرپشن میں ملوث آف شور کمپنیوں اور اکاؤنٹس کے مالکان کو پہچان چکے ہیں اور وہ اب مزید دھوکا نہیں کھائیں گے ،عوام چوروں کے مقابلے میں جماعت اسلامی کی ایماندار اور دیانتدار قیادت منتخب کرکے ترازو کے نشان پر مہر لگائیں گے،NA4 کے بیدار عوام اب کسی کو اپنے حلقہ انتخاب پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے اور سبز باغ دکھانے والوں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، کارکنان جماعت اسلامی اور ذمے داران NA4کمر کس لیں جیت جماعت اسلامی کے قدم چومے گی، ہم اپنی مضبوط تنظیمی قوت سے حیران کن کامیابی حاصل کریں گے ۔جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جسے عدالت عظمیٰ نے 63,62 پر ٹھیک ٹھیک پورا اترنے والی پارٹی قرار دیا، جماعت اسلامی وہ واحد پا رٹی ہے جو حکومت میں بھی عوام کی خدمت کرتی ہے اور حکومت سے باہر بھی زلزلہ ہو یا سیلاب ، دہشت گردی ہو یا قدرتی آفات جماعت اسلامی کے کارکنان خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر عوام کے دکھوں کا مداوا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے یو سی چمکنی میں NA4 کے امید وار واصل فاروق کے اعزاز میں چمکنی اتحاد کی طرف سے منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما انتخاب خان چمکنی ، NA4 سے جماعت اسلامی کے امید وار واصل خان فاروق اور ڈسٹرکٹ ممبر خالد وقاص چمکنی نے بھی خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہا کہ واصل فاروق NA4 سے الیکشن لڑنے والے واحد دینی امیدوار ہیں علما اور اسلام پسند عوام سیکولر اور لبرل قیادتوں کے مقابلے میں اسلام پسند قیادت واصل فاروق کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ جماعت اسلامی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے NA4 میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دے گی۔NA4 کی ہر یونین کونسل میں جماعت اسلامی نے الیکشن آفس کھول دیے ہیں جہاں جماعت اسلامی کے کارکن عوام کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔ حلقے میں جگہ جگہ شمولیتی تقریبات کے ذریعے بااثر افراد جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں جماعت اسلامی نے واصل فاروق چمکنی کی حیثیت میں نوجوان قیادت کو میدان میں اتارا ہے، کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ عوام ضمنی انتخاب میں سوچ سمجھ کر ووٹ دیں،منتخب نمائندوں کی لاپروائی کی وجہ سے یہاں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔ ماضی کے نمائندوں نے اس حلقے کے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام ان مفاد پرستوں کو آگے نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واصل فاروق کی صورت میں ایماندار اور نوجوان قائد سامنے لائی ہے۔ واصل فاروق ہی حقیقی معنوں میں نوجوانوں کے لیڈر ہیں NA4 کے عوام واصل فاروق کو ووٹ دیں اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مزید دلفریب نعروں سے نہیں ورغلایا جاسکتا ، یہاں کبھی روٹی کپڑا اور مکان دینے کا وعدہ کیا گیا اور کبھی قوم پرستی کا نعرہ لگایا گیا لیکن عوام کو ان نعروں سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔عوام سیاسی شعبدہ بازوں سے دور رہیں۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ حلقے کے ہر گھر تک جماعت اسلامی کی دعوت پہنچائیں اور عوام میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کریں کہ ماضی کے کرپٹ سیاستدانوں سے جان چھڑانے کا یہ بہترین موقع ہے۔