فوج میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات احمدی خطرہ ہیں‘ کیپٹن (ر) صفدر

317

اسلام آباد( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور حکمران جماعت ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر نے کہا ہے کہ فوج میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات احمدی (قادیانی) ملک کے لیے خطرہ ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ قادیانی جہاد فی سبیل اﷲپر یقین نہیں رکھتے ، ہم نبی پاک ؐ کے دشمنوں کو اہم عہدوں پر نہیں دیکھنا چاہتے ،کیا پتہ یہ لوگ اسرائیل کا دورہ کرتے ہوں، ہم نے سازشیوں سے پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کو بچانا ہے، ان کی بھرتیوں پرپابندی لگائی جائے ۔منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ وہ پاک فوج میں قادیانی مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرتیوں پر پابندی کے لیے ایوان میں قرارداد پیش کریں گے۔انہوں نے اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی میں نویل انعام یافتہ پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب فزکس ڈپارٹمنٹ کا نام بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ کیپٹن صفدرنے کہا کہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں وہ اس پر روز احتجاج کریں گے۔واضح رہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ طبعیات کو احمدی گروپ سے
تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب کرنے کا حکم چند ماہ قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے دیا تھا۔ حکومت کے اس اقدام پر پاکستان میں دینی جماعتوں نے احتجاج بھی کیا تھا۔نوازشریف کے داماد نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ میں بیٹھے لوگوں سے ختم نبوت کے سرٹیفکیٹ پر دستخط لینا چاہئیں جب کہ سیاسی جماعتیں بھی انتخابات میں امیدواروں کو ٹکٹ دیتے وقت ختم نبوت کا سرٹیفکیٹ لیں۔انہوں نے ملک میں اہم عہدوں پر فائز احمدیوں کو برطرف کرنے کا



بھی مطالبہ کیا۔کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ یہ ملک اس لیے بنایا گیا کہ اس کو ریاست مدینہ کی طرح چلایا جائے گا ، پاکستان اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے بناتھا ، مولانا سید ابولا علی مودویؒ نے فتنہ قادیانی کتاب لکھ کر احسان کیا،مولانا مودودیؒ کی قبر نور سے بھری ہوئی ہے ،ان کی کتاب 1962ء میں کویت میں شائع ہوئی ۔سید ابو الاعلی مودودیؒ کی ان کتابوں کا عربی اور افریقی زبانوں میں ترجمہ ہوا دنیا بھر میں ان کی کتابوں کا مطالعہ ہورہا ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو اس لیے شہید کہتا ہوں انہوں نے ختم نبوتؐ کا تحفظ کیا۔ جسٹس منیر نے مولوی تمیز الدین کے خلاف فیصلہ دے کر ملک کو دولخت کیا ایوب خان سے پرویز مشرف تک ایک ہی سفر ہے۔علاوہ ازیں کیپٹن (ر) محمد صفدر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو ناموس رسالت کے معاملے پر قتل کرنے والے ممتاز قادری کے حق میں اور’’ قادیانیوں کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے ‘‘کے نعرے لگوا دیے ۔کیپٹن (ر) صفدر نے کارکنوں کے ہمراہ قادیانیوں کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے کے نعرے لگائے ۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے غازی علم دین شہید ، غازی عبدالقیوم اور عمر چیمہ شہید کے لیے’’ زندہ باد‘‘ کے نعرے بھی لگوائے ۔اس حوالے سے ان کی وڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔