عقیدہ ختم نبوت پاکستان کی اساس اور سرخ لکیر ہے ، مشتاق احمد خان

303

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر المرکز الاسلامی پشاور میں قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت پاکستان کی اساس اور امت محمدؐ کی سرخ لکیر ہے۔ طویل عرصے سے عالمی استعمار اور مغرب کی یہ سازش ہے کہ ناموس رسالتؐ اور ختم نبوت کے ایمانی قلعے کو مسمار کر دیا جائے۔ عقیدہ ختم نبوت کے حلفیہ اقرار نامہ کے خاتمے کی کوشش کلریکل غلطی نہیں، منصوبندی کے تحت تھا۔ اس سازش میں پوری وفاقی حکومت مکمل طور پر ملوث ہے اب ان عناصر کا پتا چلانا اور ان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا اور قوم کے سامنے لاکر ان کا محاسبہ کرنا حکومت کی ذمے داری اور پاکستان کے عوام کا پُر زور مطالبہ ہے اس لیے جماعت اسلامی کامطالبہ ہے کہ اس کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی یا کمیشن بنایا جائے اور جو لوگ اس میں ملوث ہیں



ان کا تعین کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ قومی اسمبلی میں ختم نبوت کیخلاف سازش کیخلاف بر وقت آواز اٹھانے پر صاحبزادہ طارق اللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں 18 اکتوبر کو پشاور میں جماعت اسلامی ایک عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس منعقد کرے گی جس کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ہوں گے۔ جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوت کی پاسبان جماعت ہے، عقیدہ ختم نبوت اور قانونِ تحفظ ناموس رسالتؐ کے دفاع کے لیے جماعت اسلامی چوکوں، چوراہوں، عدالتوں، میڈیا اور پارلیمان و مقننہ سمیت دستیاب تمام محاذوں پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ تحفظ ناموس رسالتؐ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور دشمن کو کسی صورت کامیاب نہیں ہو نے دیں گے۔