اسلام آباد اور پشاور کے تخت کا فیصلہ ووٹ کی طاقت سے ہو گا، مشتاق خان

169

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے نام پر پاکستان پر امریکی گھوڑے مسلط ہیں، ایک گھوڑا تھکتا ہے تو دوسرے کو آگے کردیا جاتا ہے۔ پاکستان کے حکمرانوں نے قومی کی بیٹی عافیہ صدیقی کو امریکہ کے ہاتھوں فروخت کردیا ، حکمرانوں کا کعبہ مکہ میں نہیں امریکا میں ہے۔ یہ غلام مصطفی نہیں غلامان امریکا ہیں، امریکا امت مسلمہ کے لیے چنگیز خان اور تاتاریوں سے زیادہ بڑا خطرہ ہے۔ سابقہ امیدواروں نے این اے 4کے عوام محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، عوام رنگ برنگے جھنڈوں اور دلفریب نعرے لگانے والوں کو ووٹ نہ دیں۔ این اے 4 میں سود خوروں، قانون عقیدہ ختم نبوت میں ترمیم کرنے والوں، قوم پرستوں اور تبدیلی کے دعویداروں کے اصل چہرے عوام کے سامنے آچکے ہیں۔ 26 اکتوبر کو غلامان مصطفی اور غلامان امریکا کا مقابلہ ہے۔ این اے 4کے عوام امریکا کے ایجنٹوں اور اللہ اور رسول کے دشمنوں کو مسترد کرکے نوجوان قائد واصل فاروق چمکنی کو ووٹ دیں ۔عوام ووٹ کی طاقت سے چوروں ، لٹیروں اور اژدھوں کو شکست فاش دیں۔کرپٹ لوگوں کو ووٹ دینا سانپوں اور اژدھوں کو دودھ پلانے کے مترادف ہے۔ ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کی طرف اٹھنے والے ہاتھ کاٹ دیں گے۔ جماعت اسلامی ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کی پاسبان اور محافظ ہے، کسی کو بھی ان قوانین میں ترمیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این ے 4کے مختلف علاقوں شیخان، ارمڑمیرہ، گڑھی چندان، مریم زئی اور جبہ سہیل آباد میں کارنر میٹنگز اور جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔



اس موقع پر این اے 4 کے امیدوار واصل فاروق چمکنی، سابق ممبر صوبائی اسمبلی جاوید مہمند، حاجی جمٹ خان و دیگر نے خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ این اے 4میں انتخابی مہم کے دوران ٹرانسفارمروں اور گیس پائپ لائن کے ذریعے لوگوں کے ایمان کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ بیوپاری اور ایمان کے سوداگر ہیں، یہ امیدوار پیاز، ٹماٹر اور بھیڑ بکریوں کی طرح ووٹروں کی قیمتیں لگا رہے ہیں۔ گیس پائپ لائن، بجلی ٹرانسفارمرز اور دیگر ترقیاتی کام عوام پر احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہیں۔ عوام ان سے اپنا حق ضرور لیں لیکن ووٹ دیانتدار اور ایماندار قیادت کو دیں ۔ ووٹ کی طاقت سے اسلام آباد اور پشاور کے تخت کا فیصلہ ہوگا۔ عوام ووٹ کی طاقت سے ممتاز قادری کے قاتلوں، کرپشن کرنے والوں اور ملک کو لوٹنے والوں سے بدلہ لیں۔ ناموس رسالت کے پروانوں کو پھانسیوں پر لٹکایاجارہا ہے اور اس کی توہین کرنے والے آزاد گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این اے 4میں ایک طرف سیکولر قیادت ہے اور دوسری طرف واصل فاروق کی صورت میں دینی قیادت ہے۔واصل فاروق چمکنی نوجوانوں کے حقیقی قائد اور ووٹ کے صحیح حقدار ہیں۔